وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا

69

لاہور،22 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس  پیر کو یہاں منعقد ہوا،  اجلاس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس  میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ٹرین کے سٹیشنز کیلئے بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ای ٹکٹنگ کیلئے سافٹ ویئر بروقت نہ خریدنے اور تنصیب میں تاخیر کی انکوائری کا حکم بھی دیا۔

اجلاس  سے  خطاب  کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاملے کی جامع تحقیقات کرکے 15 روز میں رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے، اس ضمن میں ذمہ داروں کا بھی تعین کیا جائے۔انہوں  نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرائے، بزنس پلان اور دیگر امورطے کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اورنج لائن میٹرو ٹرین سے متعلقہ امور کے بارے میں ٹائم لائن کے ساتھ 15 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ آپریشنل اخراجات کو کم کرنے کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سٹیشنز پر کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے منفرد انداز میں منصوبہ بندی کی جائے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ اورسٹیشنز پر صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے جائیں۔

اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرائے کے حوالے سے مختلف تجاویز  سمیت ٹرین کا کرایہ سٹیشن ٹو سٹیشن کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو  اورنج لائن میٹروٹرین اور میٹرو بس سروس کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔