ساہیوال، 22 مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے سپیشل مجسٹریٹس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کریں تا کہ مختلف اشیاء صرف کے سرکاری نرخوں پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔
پیر کو یہاں اپنے دفتر میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران مقررہ نرخوں پر اشیاء صرف کی فروخت کو یقینی بنانا سب سے بڑا ٹاسک ہو گا جس سے عہدہ برا ہونے کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔
ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا انفرادی جائزہ لیا اور ناقص کارکردگی پر متعدد افسران کی سرزنش کی ۔ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عاطف رضا میر نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں مارچ کے پہلے21دنوں میں 2643چیکنگ کی گئیں جن میں 255خلاف ورزیوں پر 6لاکھ29ہزار400روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ضلع ساہیوال کا پورے صوبے میں پرائس چیکنگ میں پندرواں نمبر رہا ۔
ڈی سی نے شہر کے مضافاتی علاقوں اور دیہاتوں میں ناجائز منافع حوری کی شکایات پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ شہر وں کے ساتھ ساتھ قصبات اور دیہات میں بھی پرائس چیکنگ پر خصوصی توجہ دیں ۔
اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو اویس مشتاق اور ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عاطف رضا میر کے علاوہ تمام پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی ۔