سکھر،22 مارچ ( اے پی پی ) صالح پٹ کے نوجوان صحافی اجے لالوانی کے قتل اور ملو ث ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے کے خلاف سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ ، شکارپور ، کشمور ، کندھ کوٹ ، صالح پٹ ، گھوٹکی، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو، پنو عاقل اور دیگر شہروں میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
سکھر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافیوں ، کیمرہ مینوں اور فوٹو گرافرز کی کثیر تعداد نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعریبازی کی ، مظاہرے کی قیادت ایس یو جے جنرل سیکریٹری جاوید جتوئی ، سکھر پریس کلب کے صدر نصر اللہ وسیر ، صحافی رہنماﺅں امداد بوزدار ، جلال الدین بھیو ، آصف ظہیر لودھی ، صلاح الدین سمیجو ، میڈم سحرش کھوکھر سمیت دیگر کر رہے تھے۔
اس موقع پر صحافی رہنماﺅں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اجے لعلوانی کا قتل آزاد صحافت پر حملہ ہے انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اجے لالوانی کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے۔صحافی رہنماﺅں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان سمیت دیگر بالا حکام سے واقعہ کا نوٹس لیکر صحافیوں کے قتل عام میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔