ساہیوال،25مارچ(اے پی پی):ساہیوال میڈیکل کالج نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا،پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ میں پی سی آرلیبارٹری کا افتتاح کر دیا گیا،مریضوں کو پی سی آرکے لئے دوسروں شہروں میں جانے سے نجات مل گئی۔
لیبارٹری کا افتتاح ساہیوال میڈیکل کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کے سربراہ اور معروف فزیشن ڈاکٹر خاور سعید نے کیا-
شعبہ پتھالوجی کے سربراہ ڈاکٹر رئیس عباس لیل نے بتایا کہ شعبہ پتھالوجی میں پی سی آرلیبارٹری،لائبریری،میوزیم اور ہیسٹو پتھالوجی کے افتتاح سے شعبے میں پوسٹ گریجویٹ ریسرچ میں بڑی مدد ملے گی – انہو ں نے بتایا کہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی کی ذاتی دلچسپی سے لیبارٹری میں جدید مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں جس سے مریضوں کے ٹیسٹ کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ 2016سے2لاکھ34ہزار 6سو مریضوں کا ٹیسٹ کیا گیا جبکہ2020میں 6لاکھ93ہزار3سو سے زائد مریضوں کو ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی گئیں –
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر خاور سعید نے شعبہ پتھالوجی کو میڈیکل کالج کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ مرض کی تشخیص مریض کے ہونے والے ٹیسٹوں کی ہی بدولت ممکن ہے جس کے لئے تجربہ کارعملہ اور جدید مشینری انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے -انہوں نے ساہیوال میں پی سی آرکی سہولیات کی فراہمی کو طب کے شعبہ میں ایک سنگ میل قرار دیا اور یقین دلایا کہ ساہیوال میڈیکل کالج میں طبی سہولیات میں مزید اضافے کے لئے بھر پور کوششیں جاری رکھی جائیں گی –
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے شعبہ پتھالوجی میں تمام ضروری ٹیسٹ کی سہولیات میسر آنے پر پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد لیل اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کے لئے کالج کے مختلف شعبوں کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ اسے طبی تعلیم کا ایک معیاری ادارہ بنایا جا سکے-
افتتاحی تقریب میں دوسروں شعبوں کے سربراہوں ڈاکٹر ہارون الرشید گیلانی، ڈاکٹر زاہد ستار،ڈاکٹر نثار احمد،ڈاکٹر شاہد سعید،ڈاکٹر خلیل احمد،ڈاکٹر عمر اجمل،ڈاکٹر سمیع اللہ،ڈاکٹر نجم الثاقب،ڈاکٹر سلیم ہاشمی،ڈاکٹر انعم اشرف،ڈاکٹر آمنہ عروج،ڈاکٹر قراہ العین، ڈاکٹر سائرہ سراج اور ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید نے بھی شرکت کی –