اوباڑو،26مارچ(اے پی پی):سندھ پنجاب بارڈر پر ایکسائز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران پشاور سے کراچی جانے والے ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی اعلی کوالٹی 40 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم رشید تنولی کو گرفتار کر کے ملزم کیخلاف منشیات ایکٹ کر تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایکسائز انسپکٹر حسن علی دشتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا سندھ پنجاب بارڈر پر پشاور سے کراچی جانے والی ٹرک سے برآمد ہونے والی چرس کی عالمی منڈی میں قیمت لاکھوں بتائی جاتی جو پشاور سے کراچی اسمگل کی جا رہی تھی جسے سندھ پنجاب بارڈر پر ایکسائز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے جبکہ ملزم رشید تنولی کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے ایکسائز پولیس کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی ہے۔