پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران آٹا اور چینی سمیت 13 ضروری اشیائے صرف پر سبسڈی دے گی

30

ساہیوال،29 مارچ (اے پی پی )ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران آٹا اور چینی سمیت 13 ضروری اشیائے صرف پر سبسڈی دے گی جس سے عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا ۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں رمضان بازاروں کے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ رمضان شروع ہونے سے 5 دن پہلے ضلع بھر میں 5 رمضان بازار شروع ہو جائیں گے جہاں تمام اشیائے صرف مارکیٹ سے 10 سے 20 فیصد ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی اور ان کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

 ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ساہیوال ماڈل بازار ،ہڑپہ ،کمیر ،چیچہ وطنی اور کسووال میں رمضان بازار لگائے جائیں گے جہاں مٹن ،بیف ،چکن ،آٹا ،چینی ،گھی،دالیں ،سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کی قطعاً اجازت نہیں دے گی اور ضلعی افسران تمام گوداموں کی اچانک چیکنگ کریں گے تاکہ سماج دشمن عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے جو ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے اشیائے صرف کی قیمتوںمیں اضافے کا باعث ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو وارننگ دی کہ وہ صوبائی حکومت کے احکامات کو من و عن نافذ کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے رمضان بازاروں میں آٹا اور چینی کے خصوصی سٹال لگانے کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورزکے سٹال لگانے کی بھی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مخیر حضرات کے تعاون سے غریب افراد کی افطاری کیلئے مدنی دستر خوان بھی لگائے گی جس کے انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی ہے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ زراعت ،مارکیٹ کمیٹی اور محکمہ فوڈ تمام رمضان بازاروں میں خصوصی سٹالز لگائیں گے جہاں صوبائی حکومت کی طرف سے سبسڈی پر اشیائے صرف فروخت کی جائیں گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے تمام رمضان بازاروں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے بھی احکامات صادر کیے ۔اے ڈی سی ریونیو  اویس مشتاق اور اے ڈی سی جنرل شیر افگن کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔