مظفرگڑھ،29مارچ(اے پی پی):سیکرٹری صحت و بہبود آبادی جنوبی پنجاب اجمل بھٹہ نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور بنا سکتا ہے، ملک بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سب نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہے اور 5سال تک کی عمر کے ہر بچے کو ہر بار پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلوانا ہے۔
یہ بات انہوں نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں پولیو سے بچاؤ کی ماہانہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آئی آر جنوبی پنجاب زوہیب حسن او رسی ای او ڈاکٹر مہر محمد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سیکرٹری صحت و بہبود آبادی نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کی یہ 5روزہ مہم 2اپریل تک جاری رہے گی اس دوران ضلع بھر کے 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ 88ہزار 922بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی، جس کیلئے ضلع بھر میں 2ہزار183ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں محکمہ صحت کے 4ہزار 770اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
اجمل بھٹہ نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر نے شدد اختیار کرلی ہے اس سے بچاؤ کیلئے ہم نے زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنا ہے اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلوں کو خیال رکھا جائے۔ ماسک کے استعمال کو معمول بنایا جائے اور بار بار ہاتھ دھوئے جائیں۔
بعد ازاں سیکرٹری صحت نے یاد گار کلب میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا بھر معائنہ کیا اور ویکسین لگوانے کیلئے آنے والے بزرگ شہریوں سے سنٹر پر دستیاب سہولیات بارے میں دریافت کیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام میں پولیو اور کورونا سے بچاؤ کیلئے شعور اجاگر کریں اور بزرگ شہریوں کو ویکسین لگوانے کیلئے سنٹر پر لے کر آئیں۔
سی ای او صحت ڈاکٹر مہر محمد اقبال نے بتایا کہ ضلع بھر میں 4ہزار 501افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے ضلع بھر میں تحصیل سطح پر 4سنٹر قائم ہیں مظفرگڑھ سنٹر پر اب تک 326افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
سیکرٹری صحت اجمل بھٹہ نے مظفرگڑھ میں پولیو سے بچاؤ اور کورونا کی ویکسین لگانے لگانے کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کو سراہا۔