پشاور،30 مارچ(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے پر امن انعقاد کےلئے پولیس کے افسروں اور جوانوں نے پہلے بھی اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کر کے پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا اور کہا کہ آئندہ بھی پولیس کے بہادر افسر اور جوان کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس سروسز ہسپتال پشاور میں جاری پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے کیا۔ کیپٹل سٹی پولیس افیسر پشاور عباس احسن، ایس ایس پی آپریشنز پشاور یاسر آفریدی، ڈپٹی کمشنر پشاور خالد،ایڈیشنل کمشنر پشاور اشفاق اور ڈسٹرکٹ پولیو کمیونیکیشن افیسر ڈاکٹر فیصل بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ آئی جی پی نے پشاور میں جاری پولیو مہم کے لیے اٹھائے گئے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا ۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک اہم قومی فریضہ ہے اور اس فریضے کی ادائیگی کےلئے ہم سب مل کر بھر پور کوششیں کریں گے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے کو پولیو فری بنانے کا پکا عزم کر رکھا ہے اور امید ظاہر کی کہ بہت جلد پاکستان کا شمار پولیو فری ملکوں میں سے ہوگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ علاقے سے پولیو مرض کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ آئی جی پی نے جاری پولیو مہم کو ہر صورت میں کامیاب بنانے اور پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ جاری پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت اور سیکورٹی فورسز کے حکام کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر پشاور نے پولیو کی ٹیموں کو فراہم کی گئی پولیس کی سیکیورٹی انتظامات اور تعاون کو سراہتے ہوئے آئی جی پی کا شکریہ ادا کیا۔