نارووال :وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرظہیر حسن  کی سربراہی میں کھلی کچہری

27

نارووال،01اپریل( اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرظہیر حسن  کی سربراہی میں شکرگڑھ ، اورظفروال میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی شکایات کو بغورسنا گیا، اورانہیں موقع پر حل کرنےکے احکامات جاری کیے گئےاس طرح اسسٹنٹ کمشنر کمپلیکس میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے آنے والے سائلین کی شکایات کو سنا اوران کے فوری ازالےکے لئے متعلقہ افسران کو احکامات صادر کیے ۔اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر، اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری،تحصیلدارمحمد طارق خاں، ریونیوآفیسرزمحمد ارشد،شہزادانور  سمیت تمام متعلقہ ریونیو سٹاف اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پرماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کے انعقاد سے لوگوں کو وراثتی انتقالات،فرد و رجسٹریشن،ناجائز قبضہ،ڈومی سائل کے حصول کے علاوہ دیگر معاملات حل کرنے میں بھرپور مدد مل رہی ھے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر سے لےکر ریونیو افسران سمیت پٹواری تک ایک چھت تلے جمع ہیں۔ڈپٹی کمشنر نارووال نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی مشکلات اور مسائل کے فوری ازالے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ھوئےشہریوں کی شکایات موقع پر حل کریں اس سلسلہ میں ریونیو سٹاف کی طرف سےکسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ عوامی مسائل کا فوری ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ھے۔ڈپٹی کمشنر نارووال نے کہا کہ ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے مسائل کے فوری حل کے ساتھ ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف بلا خوف و خطر اور بلا امتیاز جاری رکھیں۔