سیالکوٹ،03اپریل( اے پی پی): صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذیرنے ڈسکہ میں حلقہ این اے 75سیالکوٹivکے الیکشن کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے اورحلقے میں ضمنی انتخابات کے پرامن، صاف،شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اقداما ت کا جائزہ لیا ہے۔اس موقع پرسیکرٹری الیکشن کمیشن کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بریفنگ بھی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سیالکوٹ نے بریفنگ دی کہ سیکیورٹی انتظامات کا دوگنا کر دیا گیا ہے،حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعدادبھی بڑھا دی گئی ہےجبکہ حساس پولنگ سٹیشنوں پرسی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بیس متنازع پولنگ سٹیشنوں کا عملہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہےاورکو ان کو ٹریننگ بھی دی جا چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی یہ کوشش ہے کہ جو کوتاہیاں پچھلی دفعہ ہوئیں وہ دوبارہ نا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ ایک یونین کونسل میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاون کیا گیا ہے جس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ڈی سی سیالکوٹ کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو لکھیں جس پر حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔