سکھر۔04 اپریل ( اے پی پی ): وزیر اطلاعات و بلدیات سندہ سید ناصر حسین شاہ نے سکھر میں دریائے سندھ پر سکھرسے روہڑی نئے پل کی تعمیر کے لیے جگہ کا معائنہ کیا۔ صدر سندھ لوکل کونسل سید کمیل حیدر شاہ اور ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور بھی دورہ کے موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔نیا پل سکھر کے زیرو پوائنٹ پر روھڑی کی حدود میں تعمیر کیا جائے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندہ سید ناصر حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنر سکھر کو ہدایات دیں کہ پل کی تعمیر کی فزیبلٹی رپورٹ جلد سے جلد تیار کی جائے اور بتایا جائے کہ پل کی تعمیر پر کتنی لاگت آئے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور سندھ حکومت کے تحت دو الگ الگ فزیبلٹی رپورٹس تیار کی جائیں،جو فزیبلٹی موزون ہوگی، اس پر فیصلہ کیا جائے گا تاکہ جلد سے جلد پل کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سکھر اور روہڑی کو ملانے والی پلیں پرانی ہوگئی ہیں۔ سندھ حکومت ٹریفک کا دباﺅ کم کرنے اور جڑواں شہروں کے مکینون کوجدید سہولت فراہم کرنے کے لیے نئے پل کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر رہی ہے۔ دریا سندھ پر روھڑی کے قریب شاہکار پل تعمیر کی جائے گی، جس سے دونوں تاریخی شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا اور عوام کو آمدورفت کی سہولت بھی ملے گی ۔