اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران نماز عصر کے وقفہ کے بعد اجلاس شروع ہونے پر پیپلز پارٹی کی رکن شاہدہ رحمانی نے کورم کی نشاندہی کردی۔ گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلا جس پر اجلاس کورم پورا ہونے تک ملتوی کردیا گیا۔ بعد ازاں اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو ایوان میں گنتی کی گئی تاہم کورم پورا نہ ہونے کی بناء پر سپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے صدارتی احکامات پڑھ کر سنائے۔