وزیراعلیٰ پنجا ب سے صوبائی وزرا صمصام بخاری،سردار حسنین بہادردریشک اورڈاکٹر محمد اختر ملک کی ملاقات

56

لاہور۔5اپریل  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرا سید صمصام علی بخاری،سردار حسنین بہادردریشک اورڈاکٹر محمد اختر ملک نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال،محکمانہ اموراورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ڈویلپمنٹ پیکیج سے تبدیلی لائیں گے،پنجاب کے ہر شہر،قصبے اورگاو ں کی یکساں ترقی ہمارا نصب العین ہے،تبدیلی اشرافیہ کے گھروں میں نہیں بلکہ عام آدمی کے گلی محلے میں بھی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت اورعوام کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے خود اضلاع کے دورے کررہا ہوں،ماضی میں ترقی چندشہروں تک محدود تھی،اب ہر گلی محلے میں ترقی نظر آئے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت آپ مررہی ہے،ہمیں کوئی مسئلہ نہیں،ہم کام کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے،مخالفین کی پرواہ نہیں،کوئی بھی ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔ سردارعثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے حقوق کے محافظ ہیں،سب کو ان کا حق پہنچائیں گے۔صوبائی وزرا نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ایشو کو احسن طریقے سے حل کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بارے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دوٹوک موقف سے منفی پراپیگنڈا دم توڑ گیا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اخترملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں،ان کے ساتھ چلیں گے۔صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے کا اعلان کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشکورہیں۔