ملک میں کرونا سے متاثرہ اضلاع  میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند رہیں گے؛ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

35

اسلام آباد،6اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا سے متاثرہ اضلاع پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند رہیں گے،  نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلباء کو سخت ایس او پیز کے تحت 19 اپریل سے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے اسکولوں میں حاضری کی اجازت ہو گی، کیمبرج کے زیرِ انتظام ہونے والے او اور اے لیول کے امتحانات جاری رہیں گے، متاثرہ اضلاع کی یونیورسٹیاں بھی بند ہوں گی، صوبائی حکومتیں متاثرہ اضلاع کی نشاندہی کریں گی۔

منگل کو این سی او سی میں ہونے والے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ  28 اپریل کو دوبارہ اجلاس ہو گا جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ سکولوں کو کھولا جائے یا کہ عید تک بند رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلباء کو بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے سخت ایس او پیز کے تحت سکول آنے کی اجازت ہوگی۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک میں 40 لاکھ بچے نویں سے بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں. اس سال بورڈ امتحانات ہوں گے. ملک میں 30 بورڈ کام کر رہے ہیں۔   انہوں نے کہا کہ بورڈ امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے یعنی 24 مئی کے بعد سے شروع ہوں گے. پنجاب کے بورڈز نے جو مئی کے پہلے ہفتے سے امتحانی ڈیٹ شیٹ جاری کی ہے وہ بھی آگے چلی جائے گی. انہوں نے طلبا سے کہا کہ اس مرتبہ بورڈ کے امتحانات ضرور ہو گے، اس لئے وہ امتحانات کی تیاری کریں۔ گزشتہ سال ہمارے پاس اس سے پہلے سال کا ڈیٹا موجود تھا جس کی بنیاد پر ان کو پاس کیا گیا، اس سال ہمارے پاس ایسی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اے اور او لیول کے امتحانات جاری رہیں گے،  ملک میں 85 ہزار بچے یہ امتحانات دے رہے ہیں، یہ بڑی کم تعداد ہے،  کیمبرج کے حکام نے یقین دلایا ہے کہ وہ ایس او پیز کا خیال رکھیں گے، حکومت خود بھی ایسے مانیٹر کرے گی. یہ امتحانات 26 اپریل سے شروع ہو رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ بنگلہ دیش کے علاوہ خطے کے تمام ممالک میں یہ امتحانات ہو رہے ہیں، کیمبرج حکام کے مطابق دنیا کے 80 فیصد ممالک میں کیمبرج کے امتحانات لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی جبکہ دیگر علاقوں کی یونیورسٹیاں کھلی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ امتحانات دیر سے شروع ہونے کی وجہ سے یونیورسٹیز کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے انٹری ٹیسٹ بورڈز سے مشاورت کے بعد شیڈول کریں۔

اے پی پی /ڈیسک /نورین