سیالکوٹ؛این اے 75 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں پولیس کا فلیگ مارچ

26

سیالکوٹ،09اپریل( اے پی پی): این اے 75 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا ۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس  کے مطابق10اپریل کو ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں پولیس نے  ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی کی سربراہی میں فلیگ مارچ کیا،  این اے 75 کے 360پولنگ اسٹیشنز جن میں انتہائی حساس کیٹیگری اے 47، کیٹیگری بی 176 اور کیٹیگری سی 137 پولنگ اسٹیشنز پر چار ہزار ایک سو باسٹھ (4162) پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی کی جانب سے ان پولنگ اسٹیشن پر فول پروف سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر 4 ایس پیز ، 12 ڈی ایس پی، 32 انسپکٹر، 47 سب انسپکٹر، 176 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 137ہیڈ کانسٹیبلان، 1444 کانسٹیبلان، 150 لیڈیز کانسٹیبلان، 102 ریزور پولیس، 20 ایلیٹ پولیس ٹیم کے علاوہ رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے بھی ڈیوٹی سر انجام دینگے۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے پولیس افسران اور ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز اور امیدواروں کی سیکورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور ضمنی انتخابات کو پر امن اور محفوظ ماحول کے سلسلہ میں تمام پولنگ اسٹیشنوں پر الرٹ ہو کر اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔