سعودی عرب صحتمند معاشرے کی تکمیل کیلئیے عالمی کوششوں میں پیش پیش ہے:سعودی سفیر

20

اسلام آباد ،09 اپریل (اے پی پی ):سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو عالمی ادارہ صحت کی معاونت میں پیش پیش ہیں ۔ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے دوران سعودی عرب نے عالمی ادارہ صحت کی معاونت میں بڑا کردار ادا کیا ۔

عالمی ادارہ صحت کی اپیل پر خادم الحرمین الشریفین کے حکم پر عالمی ادارہ صحت کو کورونا وائرس کی وبا سے مقابلہ کرنے کے لئے دس ملین ڈالر کا عطیہ دیا گیا جوکہ اس بات کی دلیل ہے کہ سعودی عرب نے عالمی معاشرہ کے بچاؤ کے لئے اپنی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے اداکیا ۔

سعودی سفیر نے یہ بات عالمی یومِ صحت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی۔ تقریب کا انعقاد عالمی رابطہ اسلامی کی طرف سے کیا گیاتھا۔

انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے دوران اپنے ملک کے تمام لوگوں کو کورونا ٹیسٹ کی مفت سہولت فراہم کی اور انہیں ہر قسم کی ضروری سہولیات مہیا کی ۔ اسی طرح لاک ڈان اور قرنطینہ کے دوران لوگوں کو ان کے گھروں میں صحت کی سہولت فراہم کی گئی جس کے لئے مختلف ایپلیکشنز لانچ کی ۔ سعودی عرب کی گئیں۔ سفیر نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے ساتھ ملکر سعودی عرب میڈیکل ٹیموں کومعاونت کی فراہمی اور دنیا بھر میں ضروری ادویات کی فراہمی کو ممکن بناتا ہے۔ اسی طرح دنیا بھر میں پھیلی مختلف متعدی بیماریوں مثلا پولیو ، کینسر وغیرہ کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عمرہ اور حج پر آنے والے زائرین سے ان کے صحت متعلق رپورٹ طلب کی جاتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی متعدی بیماری میں مبتلا نہ ہوں ، اسی طرح ان کے لئے ویکسینیشن کا اہتمام بھی کیاجاتا ہے۔  دنیا بھر سے بڑی تعداد میں مختلف لوگ حج اور عمرہ کے دوران ایک وقت میں ایک جگہ جمع ہوتے ہیں ۔ اس کے باجود ان کے درمیان کسی متعدی بیماری کا نہ پھیلنا اور ان کی صحت کا سلامت رہنا ایک بڑی کامیابی ہے ۔

تقریب سے ریجنل ڈائریکٹر عالمی رابطہ اسلامی سعد مسعود، بم ابی طالب سکول کی ڈائریکٹر سائرہ ناصر اور ڈاکٹر امجد نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں عالمی رابطہ اسلامی کے عہدیدار شعبہ صحت سے متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔