مافیا کو منصوعی مہنگائی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں: ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ

25

مظفر گڑھ،9اپریل ( اےپی پی):ممبر بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ نے کہا ہے کہ ملک میں کسی چیز کمی نہیں ہے، چینی اور آٹے سمیت تمام اشیاء خوردونوش وافر مقدار میں موجود ہیں لہذاکسی مافیا کو منصوعی مہنگائی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں فرضی گاہک بنا کر دکانداروں کے پاس بھیجیں کوئی بھی دکاندار حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخ سے ایک روپیہ بھی زیادہ لے اس کے خلاف بھاری جرمانہ کیا جائے اور اس کا چالان کیا جائے۔ ناجائز منافع خوروں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ ڈپٹی کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ جام آفتاب حسین، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شوکت علی عابد بھی موجود تھے۔ ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ وہ ابتدائی طور پر مارکیٹ کامعائنہ کرچکے ہیں اور یہ نوٹ کیا گیا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ سے زائد پر اشیاء خوردو نوش فروخت کررہے ہیں۔ اب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے اپنے حلقے کے بازاروں کو خود معائنہ کریں اب کسی بھی دکاندار نے سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کی تو نہ صرف دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا بلکہ متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیاء خوردونوش کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب کریانہ ایسوسی ایشن اورانجمن تاجران کی مشاورت سے اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں کو تعین کیا جاتا ہے تو بھر وہ ناجائز منافع کیوں لیتے ہیں۔ انہوں نے انجمن تاجران کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ اگر غلہ منڈی میں کسی بھی اشیاء کی قیمت بڑھتی ہے تو فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ سرکاری نرخ نامے کی تجدید کی جاسکے۔ اجلاس میں ضلعی صدر انجمن تاجران امیر حسن، جنرل سیکرٹری شیخ عامر سلیم،مارکیٹ کمیٹی سے نجیب فیض سمیت ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔