سیالکوٹ,10اپریل( اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈسکہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسکہ این اے 75 کے آزاد شفاف اور منصفانہ ضمنی انتخاب کا انعقاد یقینی بنایا ۔وزیراعظم پاکستان کی طرف سے ہدایات پر انتخابی امیدواروں کو کسی مداخلت کے بغیر مقابلے کا کھلا میدان دیا گیا۔
الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا گیا لیکن ن لیگ نے کبھی بھی پرامن انتخابات کو تسلیم نہیں کیا ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنی شکست کو کبھی کھلے دل سے قبول نہیں کیا ن لیگ کی نظریاتی سوچ اور تربیت صرف جیت پر جشن منانا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں ہمارا مقابلہ قبضہ مافیا مفاد پرست غنڈہ گرد عناصر گدی نشینی کی سیاست سے تھا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج بھی بریف کیس اٹھا کر پھر نے والے کے نواسے نے لوگوں کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی جبکہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر منصفانہ شفاف اور آزادانہ ماحول میں الیکشن منعقد کرایا۔