حکومت وزیر اعظم کے ویژن کے تحت سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے  کیلئے اقدامات کر رہی ہے: وزیر داخلہ

9

کراچی، 11 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعظم کے ویژن کے تحت سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، آن لائن ویزے سے سیاحت کو فروغ سمیت معیشت کو فائدہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر  داخلہ نے اتوار کو یہاں جناح انٹرنیشل ائیر پورٹ کراچی کے دورہ کے  موقع  پر کیا ، جہاں  انہوں  نے  امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا ۔ اس مو قع پر  ایگریشن حکام نے وزیر داخلہ کو بریفنگ بھی دی ۔

وزیر  داخلہ نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کے لئے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی تیز ترین امیگریشن کے لئے کاؤنٹرز کی تعداد کو دوگنا کیا جائے جبکہ نئے کاؤنٹرز کی تکمیل اگلے ایک مہینے تک مکمل کی جائے۔

وزیر داخلہ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سندھ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا بہترین اثاثہ ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی میں انکا کردار سب سے نمایاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ پر ان کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔

شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ جن سے پاکستان کا دنیا میں بہترین تشخص اجاگر ہو۔