پشاور،11 اپریل (اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا باقاعدہ اجراء کر دیا جو صوبائی محکمہ سماجی بہبود ، پاکستان بیت المال اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے شروع کیا جار ہا ہے۔
اس پروگرام کے تحت پشاور میں روانہ کی بنیاد پر دیہاڑی دار اور دیگر مستحق افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ روزانہ دس ہزار خوراکوں کا انتظام کرے گا جو ٹرکوں کے ذریعے پشاور کے مختلف علاقوں میں مستحق لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا اجراء فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اور عملی پیشرفت ہے جبکہ اس غریب پرور پروگرام کے اجراء پر وزیراعظم عمران خان ، احساس پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتر اور اس کی پوری ٹیم سمیت سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اور پاکستان بیت المال کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ا ُن کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محمود خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے مالی لحاظ سے کمزور اور غریب لوگوں کی فلاح کیلئے نظر آنے والے اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اب تک احساس پروگرام کے تحت متعدد اقدامات شروع کئے گئے ہیں جن سے معاشرے کے مستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اس پروگرام کو منظم انداز میں چلانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔