وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی توجہ سے جنوبی پنجاب کے مسائل حل ہورہے ہیں، ایم پی اے قاسم خان لنگاہ کی میڈیا سے گفتگو

91

جلال پور،11 اپریل (اے پی پی )؛پیروالہ میں صوبائی حلقہ 222میں ایم پی اے سردار قاسم خان لنگاہ نے بمب موڑ تا کرم علی والا 12کلومیٹر لمبی کارپٹ سڑک کے منصوبے کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ایم پی اے سردار قاسم خان لنگاہ نے کہا کہ میرے حلقے کا مشرقی حصے ایک طویل وقت سے ترقیاتی منصوبوں سے محروم رہا ہے اس منصوبے کا تخمینہ پونے 14کروڑ ہے جو کہ 4ماہ میں مکمّل کرلیا جائے گا اس سڑک کی تعمیر سے درجنوں موضع جات مستفید ہونگے اس سڑک کے باعث گیلے وال، دنیا پور، بستی ملوک ،جلہ آرائیں تک کا سفر مختصر اور آسان ہوجائے گا اس علاقے کے عوام کو کڑوے پانی کا بھی مسئلہ درپیش ہے جلد میٹھے پانی کا منصوبہ لائینگے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی توجہ سے جنوبی پنجاب کی پسماندگی کا تیزی سے خاتمہ ہورہا ہے ،جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے خوش آئند بات ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سابقہ نقشہ بحال کرکے سیکرٹریٹ کی تعمیر کیلئے 70کروڑ روپے کا فنڈز بھی جاری کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ علیحدہ صوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے انشاء اللہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،سڑک منصوبے کے افتتاح کے بعد انہوں نے وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی خواجہ عبدالغفار،ڈاکٹرخواجہ ذوالفقار، ستار کاٹن فیکٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر خواجہ عبدالستار کی دعوت پر ظہرانہ پر بھی شرکت کی اس موقع پر خواجہ خلیل احمد، سابق یوسی نائب ناظم ملک فتح محمد لانگ، علی ممتاز لانگ، ڈاکٹر اے ڈی ساجد، سابق نائب ناظم جام خالد، ملک فہد رسول، ملک شریف گھلو، محمد بخش لانگ، حاجی رحیم بخش نوناری، ملک لیاقت سمیت درجنوں سیاسی سماجی شخصیات و کارکنان بھی موجود تھے ۔