جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو تمام محکمے اور اختیارات منتقل کئے جارہے ہیں : وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراختر مل

39

ملتان, 12اپریل)اے پی پی ):ضلع ملتان کے لئے  ترقیاتی پیکج  کے حوالے سے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں گزشتہ روز اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر اولیاء میں صوبائی کابینہ کے اسی ماہ متوقع اجلاس اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے کابینہ کے اجلاس کے موقع پر ملتان کے لئے ترقیاتی پیکج کے اعلان کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

 وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو تمام محکمے اور اختیارات منتقل کئے جارہے ہیں۔صرف پالیسی و  قانون سازی صوبائی دارلحکومت  لاہور میں ہو گی۔وزیراعظم عیدالفطر  کے بعد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں صوبائی کابینہ کے اگلے ہفتے متوقع  اجلاس کے موقع وزیراعلیٰ عثمان بزدار ملتان کے  ممبران اسمبلی سے ملاقات کریں گے،ممبران اسمبلی انہیں ضلع کے مختلف مسائل سے آگاہ کریں گے،نشتر ہسپتال کی موجودہ صورتحال کی بہتری ایجنڈے میں شامل ہو گی۔ اجلاس میں وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر،پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین قریشی، سینٹر عون عباس بپی،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ممبران صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی،جاوید اختر انصاری، طارق عبداللہ، واصف راں،سلیم لابر،قاسم لنگاہ،چئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار اور اکرم کنوں کے علاوہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹراحمد اعجاز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی،شاہد مظفر اور تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔