ملتان،15اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے گزشتہ روز گھنٹہ گھر کی بلڈنگ میں قائم والڈ سٹی پراجیکٹ کے آفس کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان صدیوں سے آباد شہر ہے۔ملتان کے تاریخی ورثے کو اصل حالت میں محفوظ کرکے ٹورازم کے وسیع مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی تاریخ اور ثقافت کو ہمیشہ سینے سے لگائے رکھتی ہیں۔ شہر اولیاءکے تاریخی ورثے کو اصل حالت میں بحال کرکے اس کے وقار میں مزید اضافہ کیا جائے گا اوریہاں کی ثقافت کو پوری دنیا میں متعارف کرانے کے لئے پلاننگ کی جائے گی،ثقافت کی ترویج سے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور ان کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہو گا۔ڈپٹی کمشنرنے والڈ سٹی پراجیکٹ کے تھرڈ فیز پر کام کے آغاز کے لئے پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ایس ڈی او محکمہ آثار قدیمہ غلام محمد اور سوشل موبلائزر حسن صدیقی نےڈپٹی کمشنر کو والڈ سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ والڈ سٹی منصوبے کے لئے 25کروڑ روپے فراہم کئے گئے تھے جن میں سے 18کروڑ90 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں،حرم گیٹ اور مسافر خانہ کو اصل حالت میں بحال کیا گیا ہے جبکہ تاریخی صرافہ بازار کی بحالی پر کام جاری ہے جس پر3 کروڑ20 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا گزشتہ ایک ماہ کے دوران بیرون ملک سے آنیوالے 1500 سیاحوں نے ملتان کا وزٹ کیا۔ پراجیکٹ کی انتظامیہ بھی ڈپٹی کمشنر کے دورے کے موقع پر موجود تھی۔