سوشل میڈیا  کی  کچھ وقت کیلئے بندش   سے انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی ہوئی ؛وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد 

38

اسلام آباد،16اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی بھی قیمت پر ملک میں انتشار پھیلانے اور دہشت گردی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی کاوشوں سے ملک میں امن برقرار رہا، سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی ہوئی ہے۔

 جمعہ کو کچھ وقت کیلئے سوشل میڈیا  کی بعض سروسز اور ایپس بند کرنے کے حوالہ سے جاری بیان میں  وزیر داخلہ نے عوام سے معذرت کی کہ انہیں کچھ وقت کیلئے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام کی بندش کا سامنا رہا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے جمعہ کےبعد احتجاج کی کال دی تھی لیکن الحمد اللہ سارے پاکستان میں امن رہا اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، کوئی باہر نہیں نکلا، پنجاب کی حکومت اور کراچی کی انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور پولیس ، رینجرز کو بھی کہ انہوں نے امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا سہارا لے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب آگے بڑھے گا، انتشار پھیلانے ، ایمبولینسیں روکنے ، بے گناہوں کی جانیں لینے اور آکسیجن ٹرک روکنے اور عام آدمی کیلئے مشکلات کا باعث  بننے والوں کو آج شکست ہوئی ہے، انہیں کالعدم قرار دے چکے ہیں ، قانون کے تحت ان کے خلاف مزید کارروائی آگے بڑھے گی، بینک اکائونٹس بند کئے جائیں گے، پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈز ریکارڈ پر لائے جائیں گے اور کسی بھی قیمت پر ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔