سیالکوٹ ؛صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا  رمضان بازاروں، علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال اور ماڈل بازار کا دورہ 

100

 

سیالکوٹ،16اپریل( اے پی پی):صوبائی وزیرصنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے   سیالکوٹ اور سمبڑیال میں رمضان بازاروں ، گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال اور ماڈل بازار کا تفصیلی دورہ  کیا، رمضان بازاروں میں آٹا ، چینی سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا اور خریداری کیلئے آئے ہوئے شہریوں سے ملنی والی رعایت و سہولیات بارے استفسار کیا۔

صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 313رمضان بازاروں کاقیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر 10کلوگرام وزنی آٹے کا تھیلہ 375روپے، چینی 65روپے کلوگرام، گھی اور کوکنگ آئل اور مرغی کے گوشت پر10روپے فی کلوگرام رعائت کے علاوہ فیئرپرائس شاپس13سبزیوں اور پھلوں پر25فیصدی رعائت فراہم کی جارہی ہے اور خریداروں کا کثیر تعداد میں رمضان بازاروں کا رخ کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ عوام کو رمضان بازاروں میں ریلیف مل رہا ہے ۔

میاں اسلم اقبال نے کہاکہ رمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد عوام الناس کو اشیائےخورد نوش کی رعائتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورد نوش کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے بھی اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کو پوری طرح متحرک کیا گیا ہے ۔

صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ آٹا اور چینی کے اسٹالزمیں مزید اضافہ کرے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں تمام اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر بھی عملدر آمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے بعد ازاں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔صوبائی وزیر نے ماڈل بازار (تحصیل بازار) میں تمام اسٹالز پر اشیائے خورد نوش کے اسٹالز لگانے کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق، اے سی سمبڑیال سلمان اکبر اور اے سی سیالکوٹ سونیا صدف اور ڈی او انڈسٹریز چودھری ارشد بھی موجود تھے ۔