رحیم یار خان،19 اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ڈی پی ا واسد سرفراز کے ہمراہ پیر کو یہاں سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ رمضان المبارک میں گرانفروشی کے خاتمے اور اشیاءکی کنٹرول قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ متحرک ہے،سبزی و فروٹ سمیت اشیاءروزمرہ کی قیمتوں کے حوالہ سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس اشیاءروز مرہ کی طلب و رسد ، قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہے۔تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر زاشیاءروز مرہ کی دستیابی اور سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا مانیٹر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے پولیس انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ عوامی بہبود و تحفظ کے حوالہ سے حکومت پنجاب کے ہر اقدام پر عملدرآمد پولیس کی ذمہ داری ہے۔ سبزی و فروٹ منڈیوں سمیت رمضان بازاروں میں پولیس بھرپور سیکورٹی کو یقینی بنا رہی ہے۔