پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن پالیسی کا نفاذ کیا ہے: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

20

لاہور، 21 اپریل(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن پالیسی کا نفاذ کیا ہے، خصوصی بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم و تربیت حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات  کا اظہار وزیر اعلی پنجاب نے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں شرقپور میں قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی 104 کنال اراضی پر  خصوصی بچوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جس پر ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے سپیشل چلڈرن ویلج کے قیام کی تجویز کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے سپیشل چلڈرن ویلج کے قیام کی تجویز کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل چلڈرن ویلج کے قیام کی تجویز کو جلد حتمی شکل دی جائے، ویلج کے تعمیراتی کام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کوترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ  جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں خاطر خواہ کمی ہو گی اور منصوبے کو جلد مکمل کیا جا سکے گا۔ ویلج میں خصوصی بچوں کے لئے رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ  ویلج میں خصوصی بچوں کیلئے سپورٹس تھراپی اور تفریحی سرگرمیاں مہیا کریں گے۔اس کے علاوہ سپورٹس گراؤنڈ کو ملٹی پل مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔

 سردار عثمان بزدار  نے بتایا کہ خصوصی بچوں کے اداروں کے اساتذہ کے لئے ای ٹرانسفر پالیسی لائی گئی ہے، خصوصی بچوں کے لئے سپیشل ایجوکیشن موبائل ایپ لانچ کی گئی ہے جبکہ  والدین اپنے خصوصی بچے کو اس ایپ کے ذریعے قریبی ادارے میں رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لئے ہماری حکومت نے 9 نئے ادارے بنائے ہیں، پک اینڈ ڈراپ کے لئے 51 نئی بسیں دی گئی ہیں اور بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ  خصوصی بچوں کو سال میں تین    بار   مفت  یونیفارم اور شوز دیئے جاتے ہیں، خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت و بحالی کیلئے وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دیں گے۔