شاہد خاقان عباسی اپنے رویہ پر سپیکر قومی اسمبلی ،پارلیمنٹ اور پوری قوم سے معافی مانگیں ؛ڈاکٹر شہباز گل

20

اسلام آباد،21اپریل  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف نے شاہدخاقان عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ا سپیکر قومی اسمبلی  ان کے  ایوان میں داخلے پر پابندی لگائیں۔

بدھ کو وزیراعظم معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے  رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پشاور میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت 1320گھروں کے مالکانہ حقوق دینے ، ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں او پی ڈی کا افتتاح،چترال شندور 153کلو میٹر طویل سڑک منصوبہ اور پشاور درہ آدم خیل روڈ کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کرنا اس بات کا عکاس ہے کہ حکومت اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دورہ پشاور کے دوران احساس پروگرام ،  لنگر خانوںاور دیگر صوبائی امور کا جائزہ لیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ میں جو زبان استعمال کی وہ کسی طور پر پارلیمانی کلچر نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے مدمقابل امیدوار صداقت علی عباسی نے انتخابات میں حلقہ میں سب سے زیادہ ووٹ لئے تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے بغیر کسی وجہ کے سپیکر قومی اسمبلی کو جوتا مارنے کی بات کی ان کی اس حرکت سے خطہ پوٹھوہار اور کوہسار کے  عوام کی دل آزاری ہوئی ہے جس پر ان سے معذرت خواہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے جس طرح ایوان میں رویہ اختیار کیا یہ غیر سیاسی،غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہے۔میڈیا کو بھی ایسی حرکات کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے،ہمیں دلائل سے بات کرنی چاہئے۔

صداقت علی عباسی  نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی احتجاج کے دوران بھی لوگوں کی جانب مارنے  کے لئے بھاگتے رہے ، پارلیمنٹ میں ایسے لوگ ہوں گے تو عوام میں عدم برداشت بڑھے گی۔ مسلم لیگ ن ان کو عوامی نمائندگی نہ دے،پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتیں ان سے بات نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے نوٹس کو پاکستان پیپلزپارٹی نے پھاڑ کر پھینک دیا، شاہد خاقان نے ان سے معافی مانگی ۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائیں گے ، قومی اسمبلی میں کسی کو بولنے  کی اجازت دینا اور نہ  دینا سپیکر کا اختیار ہے جبکہ اس معاملے پر اسپیکر نے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے  مزید کہا کہ پارلیمنٹ پارلیمانی جمہوریت کا ممبر و محراب ہے اور سپیکر اس کے امام ہیں۔