وطن عزیز کے مسائل کا حل اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

19

لاہور،23اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے مسائل کا حل اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا تقاضا کرتی ہے،سب کو وطن کا یہ قرض اتارنے کیلئے اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے جمعہ کو یہاں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ  سے ملاقات میں گفتگو کرتے  ہوئے کیا ،ملاقات میں اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیر اعلی  پنجاب  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کے قومی چیلنج سے موثر انداز میں نمٹا جا رہا ہے جبکہ کورونا کے باعث پوری دنیا کو نئے چیلنج کا سامنا ہے۔کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔موجودہ حالات میں بہت زیادہ احتیاط اور ماسک پہننا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیاست کیلئے بہت وقت ہے لیکن اس وقت دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو نازک حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔یہ وقت سیاست کا نہیں،اپوزیشن کورونا کے دوران بھی اپنی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔مشکل وقت میں قوم کو تنہا چھوڑنے والی اپوزیشن اب خود تنہا ہو چکی ہے۔