لاہور،26 اپریل(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان خان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے یہاں لاہور میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جس پر سپیشل سیکرٹری سلوت سعید اور کنسلٹنٹ پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان نے وزیر صحت کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے مختص بیڈز،آکسیجنڈ بیڈزاور وینٹی لیٹرزسمیت دیگرطبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان خان بزدارکی خصوصی ہدایت پر کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں اضافہ کیاجارہاہے اس کے علاوہ لاہورسمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزاور آکسجنٹڈ بیڈزکی تعدادمیں اضافہ کیاجارہاہے، کوروناوائرس کا شکارمریضوں کے علاج کولمحہ بہ لمحہ مانیٹرکیاجارہاہے اور این سی او سی کی ہدایات کے مطابق ایس اوپیزپرعملدرآمدکروایاجارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی صورتحال تسلی بخش ہے، وینٹی لیٹرزکی تعدادبڑھانے کے حوالہ سے این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطہ میں ہیں، عوام سے ماسک کی سختی سے پابندی کی اپیل کرتے ہیں، پوری دنیامیں کوروناکی وباء نے تباہی مچارکھی ہے، پنجاب میں کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے تمام ترطبی سہولیات کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیادپر کوروناویکسینیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔