گلگت۔27اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ کے ٹو بیس کیمپ کنکورڈیا میں صوبائی حکومت اور ایس سی او کے اشتراک سے فور جی موبائل ٹاور انتہائی مشکل کام تھا۔ فور جی ٹاور کی تنصیب سے کے ٹو پر کوہ پیمائی کرنے والوں کو موبائل کی سہولت میسر آئے گی۔ کے ٹو بیس کیمپ جیسے مشکل مقام پر فوری جی ٹاور کی تنصیب پر ایس سی او خراج تحسین کا مستحق ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کے ٹو بیس کیمپ کنکورڈیا میں ایس سی او کے انجینئرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کی اور کے ٹو بیس کیمپ کنکورڈیا کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ قدرتی ماحول کو متاثر کئے بغیر بابوسر اور خنجراب میں ماسٹر پلان کے تحت سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی حکومت اور ایس سی او کے اشتراک سے کے ٹو بیس کیمپ کنکورڈیا میں فورجی موبائل ٹاور کی تنصیب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے منظور کئے جانے والے ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت یو ایس ایف کا دائرہ کار کو گلگت بلتستان تک وسعت دی جارہی ہے۔ جون تک گلگت بلتستان کیلئے فور جی لائسنس کی نیلامی کو یقینی بنایا جائے گا جس سے گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں فورجی کی بہترسہولت میسر آئے گی۔ انٹرنیٹ کی بہتر سہولت سے ورچول تعلیم اور دور دراز علاقوں میں ‘E’لرننگ میں معاون ثابت ہوگا۔ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو سیکٹر کمانڈ رایس سی او کرنل عمران نے کے ٹو بیس کیمپ کنکورڈیا میں فور جی موبائل ٹاور کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔