ملتان ؛ کورونا مریضوں  کے   بڑھتے  کیسز، ٹی  ایچ کیو  یا  کڈنی سنٹر کو کورونا سنٹر ڈیکلئیر کرنے پر غور

28

 

ملتان، 29اپریل (اے پی پی ): نشتر ہسپتال میں کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر علاج معالجہ کی استعداد بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے، اس حوالے  سے   ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور کڈنی سنٹر میں سے کسی ایک ادارے کو کورونا سنٹر ڈیکلئیر کرنے پر مشاورت کی گئی ۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد  نے   اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسسز بڑھنے سے ہیلتھ سسٹم پر دباؤبڑھ رہا ہے ،کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی تیاری ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ  ڈی ایچ کیو ہسپتال میں48 آکسیجن بیڈز دستیاب ہیں  جبکہ کڈنی سنٹر میں 117آکسیجن بیڈ موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سی ای او ہیلتھ کو  حتمی فیصلہ کرنے کی ذمہ داری سونپ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آکسیجن سٹوریج بڑھائی جائے اور کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کیا جائے  جبکہ  ایمرجنسی کے پیش نظر نشتر ہسپتال میں خراب40 وینٹی لیٹرز کی فوری مرمت کرائی جائے۔ علی شہزاد نے کہا کہ پرائویٹ ہسپتالوں میں موجود وینٹی لیٹرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اور کورونا ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافہ کرکے ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے۔

اجلاس میں  ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر شاہد محمود بخاری، ایم ایس کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ  ڈاکٹر حسیب اختر ایم، ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر شاہدراو اور ڈی ایم ایس چلڈرن کمپلیکس ڈاکٹر قیصرہ ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان،ڈی ایم ایس ڈاکٹر عرفان محمود اور ڈاکٹر جہانزیب خٹک سمیت   اے ڈی سیز قمرالزمان قیصرانی،محمد طیب خان اور اے سی سٹی خواجہ محمد عمیر محمود بھی شامل ہوئے۔