ملتان، 29 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے ہم حالت جنگ میں ہیں،وباء کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے ایس او پیز پرعمل نہ کیا تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے۔انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب پلازے سیل نہیں ہونگے بلکہ سٹور کی انتظامیہ جیل جائے گی اور اب جرمانوں کی بجائے مقدمات درج کئے جائیں گے۔وہ اپنے آفس کے کمیٹی روم میں شہر کے بڑے مالز اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی انتظامیہ اور تاجر رہنماوں سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی بھرپور کوشش کے باوجود تاجر برادری اور بڑے مالز کے مالکان نے تعاون نہیں کیا،بڑے مالز میں بڑی تعداد میں گاہکوں کو انٹر کرکے شام چھ بجے کے بعد بھی کاروبار جاری رکھتے تھے۔ان حالات کے پیش نظر انتظامیہ کو مجبورا” پاک فوج اور رینجر کو مدد کے لئے طلب کرنا پڑا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ترک نہ کیا گیا تو حالات مکمل لاک ڈاون کی طرف جا سکتے ہیں جس سے لوگوں کے کاربار متاثر ہونگے اور لوگ بے روزگار ہونگے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی شرح کے حوالے سے ملتان کا چوتھا نمبر ہے اور رپورٹ ہونیوالے ڈیٹا کے مطابق ملتان میں کورونا وائرس سے2 ہزار افراد متاثر ہیں،ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شام چھ بجے کے بعد کوئی دکان کوئی پلازہ کھلا نہ رہے ،ماسک کے بغیر کسی کو سروس نہ دی جائے،سٹور اور دکان کے اندر سماجی فاصلے پر عمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پلازہ مالکان اور تاجر رہنماوں سے اجلاس کا مقصد انہیں حالات کی سنگینی سے آگاہ کرنا تھا۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آئندہ کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور سخت کاروائی ہو گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود اور پاک فوج کے افسران کےعلاوہ تاجررہنما خالد محمود قریشی،عزیز الرحمان انصاری،جعفر شاہ اور عارف فصیح اللہ بھی موجود تھے۔