انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم سے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت ہو گی  اور انتخابی عمل میں  بہتری آئے گی ،صدر مملکت عارف علوی  کی ایمرجنگ ٹیکنالوجیز برائے انٹرنیٹ ووٹنگ کے متعلق ذیلی کمیٹی   کےاجلاس میں گفتگو

24

اسلام آباد۔29اپریل  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  انتخابی عمل میں شفافیت کیلئے آئی ووٹنگ کے نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ  جدید سیکورٹی خصوصیات کی حامل الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم سے نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت ہو گی بلکہ مجموعی انتخابی عمل میں بھی بہتری آئے گی۔ وہ جمعرات کو یہاں ایمرجنگ ٹیکنالوجیز برائے انٹرنیٹ ووٹنگ کے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔  اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، وزیر ریلوے سینیٹر محمد اعظم خان سواتی ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز ، سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، قائمقام چئیرمین نادرا خالد لطیف، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان خضر عزیز اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے ملک میں انتخابی عمل میں شفافیت کیلئے آئی ووٹنگ کا نظام متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ  جدید سیکورٹی خصوصیات کی حامل الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔  انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم متعارف ہونے سے جہاں سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت میسر آئے گی وہاں اس سے ملک کے مجموعی انتخابی عمل میں بھی بہتر ی آئے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ انتخابی عمل کی ساکھ محفوظ بنانے کیلئے انتخابی سامان کی سیکورٹی اور دیگر عوامل کو فول پروف اور شفاف ہونا چاہئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ِسائنس و ٹیکنالوجی ،سینیٹر شبلی فراز نے وزارت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کیلئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور متعلقہ ادارے بشمول کامسیٹس، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن مشترکہ طور پر مشین کے ابتدائی ماڈل پر کام کر رہے ہیں جو جلد تیار ہو جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ نادرا الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں آئی ووٹنگ میں سہولت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس بلائے جائیں گے۔ صدر مملکت نے ووٹنگ مشین کا ابتدائی ماڈل تیار کرنے پر وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کاوشوں کو سراہا۔