بزرگ افراد کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگانے کا سلسلہ برق رفتاری سے جاری ہے،میاں فرخ حبیب

29

فیصل آباد۔2مئی  (اے پی پی):وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا وباکی تیسری لہر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے تاہم حکومت کورونا وباسے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور فیصل آباد میں پہلے سے قائم 6 کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد کو بڑھاکر 11 کیا جارہا ہے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کرسکیں۔اتوار کی دوپہر کورونا ویکسی نیشن سنٹرسپورٹس کمپلیکس سمن آباد فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ نئے ویکسی نیشن سنٹرز سے یومیہ 20 ہزارافراد کی اضافی ویکسی نیشن کی جا سکے گی نیز پنجاب حکومت کی ویکسی نیشن مہم بہترین جارہی ہے اورحکومت کے کورونا اقدامات ہر سطح پر سراہے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا آنے پرہمارے پاس صرف 400 یومیہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت تھی لیکن اب یومیہ ہزاروں ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کرائسز میں ہم نے بہت کچھ سیکھا بھی ہے۔میاں فرخ حبیب نے اپوزیشن کی منفی سیاست کا زکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن سے سوال کرتے ہیں کہ جب وہ ہر الیکشن میں ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہیں تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن ای ووٹنگ سے کیوں بھاگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ای ووٹنگ سے بھاگتے ہیں دراصل وہ خود دھاندلی زدہ نظام کا حصہ ہیں مگروزیر اعظم پر بے بنیاد الزامات لگا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بشیر میمن سامنے آکر بتائیں کہ انہیں کون ورغلا رہا ہے حالانکہ ایسا شخص جو خود مشکوک ہو وہ دوسرے پر الزام کیسے لگاسکتا ہے۔میاں فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف کوئی ایسا سسٹم بتادیں کہ جس سے دھاندلی کو روکا جاسکے کیونکہ کبھی ن لیگ کہتی ہے ریٹرننگ افسران غائب ہوگئے تو کبھی ڈبے غائب ہوگئے نیز شہباز شریف کے دل میں چور نظر آرہا ہے جو ای ووٹنگ کی مخالفت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں جب صدر ٹرمپ نے دھاندلی کی بات کی تو ای ووٹنگ سے انصاف ہوامگر یہاں جمہوریت مخالف اقدامات کرکے پی ڈی ایم اپنے آپ کو دفن کرچکی بلکہ پی ڈی ایم اب خود ایک دوسرے کی مخالفت کررہی ہیں جبکہ عوام بھی جان گئے ہیں کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا مستقبل میں کوئی وجود نہیں ہوگا۔قبل ازیں انہوں نے کورونا ویکسی نیشن سنٹرسپورٹس کمپلیکس سمن آباد فیصل آبادکا دورہ کیا جہاں انہوں نے بزرگ افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی و دوسری ڈوز لگانے اوراس دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کو چیک کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آبادمحمد علی،اے سی سٹی سید ایوب بخاری،اے سی صدر عمر مقبول،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عطاالمعنم اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ محکمہ صحت کے حکام نے انہیں بتایا کہ ضلع کے کورونا ویکسی نیشن سنٹرز پر اب تک مجموعی طور پر50 ہزار کے قریب افراد کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس سمن آباد،تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری نیو بلڈنگ،سپورٹس کمپلیکس چک جھمرہ،تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نیو بلڈنگ تاندلیانوالہ،سپورٹس کمپلیکس جڑانوالہ اور رورل ہیلتھ سنٹر نیو بلڈنگ کھرڑیانوالہ کے6 کورونا سنٹرز پہلے ہی مکمل فنکشنل اور دو شفٹوں میں فرائض سرانجام دے رہے تھے جبکہ اب ان میں مزید 5 سنٹرز الفتح سپورٹس کمپلیکس، زرعی یونیورسٹی پارس کیمپس جھنگ روڈ، منروا کلب، کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس اور غلام محمد آباد سپورٹس کمپلیکس کا اضافہ کردیا گیا ہے جہاں مزید 20 ہزار افراد کو روزانہ ویکسین لگانے کی گنجائش ہوگی۔وزیر مملکت نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ویکسی نیشن سنٹرز پر روزانہ دوشفٹوں میں تصدیقی میسیج کے حامل افراد کی ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے جہاں کورونا ایس اوپیز پر بھی ذمہ دارانہ عملدرآمد کیا جارہا ہے۔