حکومت ماہ صیام کے دوران شہریوں کو سستے رمضان بازاروں کے ذریعے معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنارہی ہے،میاں فرخ حبیب

46

فیصل آباد۔2مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب نے اتوار کی دوپہرٹاٹا بازار نزد فیکٹری ایریاسستے رمضان بازار فیصل آبادکا دورہ کیا اور اوروہاں اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کیاجبکہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صبح سے شام تک تمام سٹالز پر صارفین کونہ صرف معیاری اشیا ہی فروخت کی جائیں بلکہ ریٹ لسٹیں بھی واضح جگہوں پر آویزاں ہونی چاہئیں جن کے نرخوں میں کوئی تضاد نہ ہو۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی، اسسٹنٹ کمشنرسٹی ایوب بخاری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے صارفین کی ضروریات کے حوالے سے کہا کہ چینی کی مقدار ایک سے بڑھاکر 2 کلو اور گھی کی مقدار بھی بڑھائی جارہی ہے۔انہوں نے بازارمیں موجود صارفین سے سستے رمضان بازاروں میں فروخت ہونیوالی اشیا کے معیار کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے پرائس لسٹس کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرانے کی ہدایت کی اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران سے کہا کہ بازاروں کے اوقات میں موجود رہ کر اشیا کی سپلائی پر گہری نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ماہ صیام کے دوران شہریوں کو سستے رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے اربوں روپے کی سبسڈی کے تحت معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنارہی ہے نیزسستے بازاروں میں چینی، آٹے،دالوں،چاول،پھلوں،سبزیوں،کریانہ آئٹمز،مشروبات، گوشت اور دیگر اشیاخوردونوش کی ضرورت کے مطابق سپلائی کوبھی ممکن بنایا جارہا ہے اور کسی جگہ کسی چیز کی کوئی قلت نہیں جبکہ بازاروں میں ناقص وغیر معیاری اشیا رکھنے پر سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے رمضان بازار میں دیگر انتظامات اور صفائی کی صورتحال پر بھی اطمینان کا اظہار کیااور کورونا ایس اوپیز پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کی تاکید کرتے ہوئے انچارج بازار سے کہا کہ نوماسک نوسروس پالیسی پر عمل کیا جائے تاکہ کورونا کی تیسری لہر سے بچا جاسکے۔انہوں نے مختلف سٹالز پر جاکر پھلوں، سبزیوں اور گوشت کا معیار چیک کیااورمتعلقہ حکام کی جانب سے بازاروں کی مسلسل مانیٹرنگ کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اختتام ماہ صیام تک اشیائے خوردونوش کی سپلائی پر گہری نظر رکھی جائے اور آٹے وچینی کی رمضان بازاروں میں منصفانہ فروخت کو یقینی بنایاجائے تاکہ صارفین کو معمولی سی بھی شکایت نہ ہو۔وزیر مملکت نے اس دوران مختلف برانڈ زکے مشروبات کی تواریخ اجراورتنسیخ بھی چیک کیں۔انہوں نے چکن وبیف کے سٹالوں پر صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی اور سستی چینی و سستے آٹے کی فروخت اورریکارڈ کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رہی ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔میاں فرخ حبیب نے چینی کے سٹال پر فروخت کا جائزہ اور پیکٹ کا وزن چیک کرتے ہوئے ریونیو سٹاف کو چینی کی منظم فروخت اور ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ عوامی طلب کو مدنظر رکھ کر چینی سمیت دیگر اشیاکی سپلائی کو یقینی بنایاجائے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو سپلائی مزید بڑھا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں قائم رمضان بازاروں میں ماہ صیام کے بقیہ ایام میں بھی عمدہ انتظامات برقرار رہنے چاہئیں۔انہوں نے گرم موسم کے پیش نظر پنکھوں کی چالو حالت کو قائم رکھنے اور کورونا ایس اوپیزپر من وعن عملدرآمد کی تاکیدکی۔اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی کے حکام نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں ہمہ وقت معیاری اشیاکی دستیابی کے باعث، خریدار بڑی تعداد میں بازاروں کا رخ کررہے ہیں۔انہوں نے رمضان بازاروں کو کامیابی سے چلانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی حکمت عملی کوبھی سراہا۔

 ریحانہ