پی آئی اے اور سیرین ایئر لائن کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر فلائٹ آپریشن شروع کریں :اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو

30

کوئٹہ03 مئی (اے پی پی ): اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پاکستا ن انٹرنیشنل ایئر لائن اور سیرین ایئر لائن کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر فلائٹ آپریشن شروع کریں اور کرایہ کم سے کم رکھا جائے، کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے رن وے کو بوئنگ 777آپریشن کے لئے اپ گریڈ کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں انہوں نے یہ ہدایات اسپیکر چیمبر میں پی آئی اے اور سیرین ایئر لائن کے حکام کے ساتھ بلوچستان اسمبلی میں اٹھائے گئے اعتراضات اور تحفظات سے متعلق اجلاس کے موقع پردیں، اجلاس میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ، بی این پی کے پارلیما نی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی، ارکان اسمبلی ثناء بلوچ، نصر اللہ زیرے، پی آئی اے کے بلا ل افضل، سیرین ایئر لائن کے اسٹیشن منیجر سہیل احمد سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس کے دوران اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل  قومی ایئر لائن ہے جس سے تمام لوگوں کو توقعات وابستہ ہیں کوئٹہ 25لاکھ سے زائد آباد ی کا شہر ہے جہاں سے روزانہ ہزاروں لوگ دیگر شہروں میں سفر کرتے ہیں مگر پی آئی اے اور سرین ایئر لائن کے کرائے انتہائی زیادہ اور اور فلائٹ شیڈول میں پروازیں ناکافی ہیں زائد کرایہ لینا مسافروں کے ساتھ ناانصافی ہے کوئٹہ کے لئے آنے اور یہاں سے جانے والی اکثر پروازیں عین موقع پر منسوخ کردی جاتی ہیں موسم کی صورتحال جاننے کے لئے جدید ترین آلات موجود ہیں مگر اس کے باوجود بھی مسافروں کو فلائٹ منسوخی سے متعلق بروقت اطلاعات نہیں ملتیں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور سیرین ایئر لائن نے ملکر شیڈول بنایا ہے جس دونوں ایئر لائنز کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول بنائیں انہوں نے کہا کہ مختلف اوقات میں کرایہ از خود بڑھا دیا جاتا ہے کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کی فلائٹس کم اور کرائے زیادہ ہیں جس پر ارکان اسمبلی او ر بلوچستان کے عوا م کو تشویش ہے۔اجلاس میں اسپیکر نے ہدایات دیں کہ پی آئی اے اور سیرین ایئر لائن فلائٹ آپریشن کو بڑھاتے ہوئے کوئٹہ سے کراچی اور کوئٹہ سے اسلام آباد کے لئے روزانہ ایک سے دو پروازیں چلائیں اسپیکر بلوچستان اسبملی نے ہدایت دی کہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر بوئنگ777 آپریشن کے لئے رن وے کو اپ گریڈ کیا جائے تاکہ حج اور دیگر انٹر نیشنل پروازیں کوئٹہ سے براہ راست جا سکیں ساتھ ہی متبادل ایئر پورٹ کیلئے بھی سول ایوی ایشن اقدامات اٹھائے اس موقع پر سیرین ایئر لائن کے نمائندے نے کہا کہ فلائٹ منسوخ تکنیکی اور موسم کی وجوہات پر ہوتی ہیں سیرین ایئر لائن فلائٹ آپریشن بڑھائے گی۔