ملتان: کورونالاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن ، کئی فوڈ پوئنٹس سیل

62

 ملتان، 08مئی (اےپی پی ):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاون کا آغاز کر دیا گیا ،شیر شاہ-مظفرگڑھ روڈ پر واقع ہوٹلز،ٹک شاپس سیل اور دودھ سوڈا اور قلفی سپاٹ بند کرا دیئے گئے ہیں ،کارروائی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے کی۔

 نواب ہوٹل،میانوالی ہوٹل، محراب ہوٹل، بلے دا ڈیرا،خیرا برادز ہوٹلز کے تمام ہالز بھی سر بمہر کردیئے گئے ہیں، حکومت کی طرف سے ڈائن ان کی پابندی کے باوجود سینکڑوں شہریوں کو ہال میں بٹھا کر کھانا کھلایا جارہا تھا۔

 بادام دودھ اور قلفی سپاٹ پر بھی کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی تھی۔ شیر شاہ روڈ پر واقع بادام دودھ اور قلفی سپاٹ بند کرا دیئے گئے ہیں جبکہ  مزکورہ ایریا میں واقع پٹرول پمپس کے ساتھ قائم ٹک شاپس بھی سیل کردی گئیں ہیں ۔

اے سی صدر عدنان بدر  نے  موٹر وے شیر شاہ ٹال پلازہ پر کورونا ایس او پیز نظر انداز کرنے کا بھی نوٹس لے لیا ہے،ٹال پلازہ کاونٹرز کے  ملازمین نے ماسک نہیں پہن رکھے اور نہ ہی سینی ٹائز کا انتظام تھا، اے سی صدر نے ٹال پلازہ کے  کنٹریکٹر کو بھی وارننگ جاری کردی ہے۔انہوں نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ  ٹال پلازہ پر تعینات ملازمین نے آئندہ ماسک نہ پہنے تو کاونٹرز سیل کر دیئے جائیں گے۔