جڑانوالہ،08مئی(اے پی پی): ملک بھر میں قائم رمضان بازاروں کو عوام کیجانب سے خوب سراہا جارہا ہے جبکہ اسے غریب عوام کی مدد اور مصنوعی مہنگائی پر قابوپانے کیلئے حکومت کا احسن قدم قرار دیاہے۔
جڑانوالہ میں لگے سستا رمضان بازار میں آئے شہریوں نے اے پی پی سے گفتگو میں بازار میں دستیاب چیزوں کی ارزاں قیمتوں اور معیاری ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
شہری زاہد محمود نے کہا کہ اس رمضان بازار سے عوام کو کافی ریلیف مل رہا ہے اور چیزیں حکومتی نرخوں پر مل رہی ہیں۔
ایک اورشہری محمد طاہر نے کہا کہ رمضان بازار میں ہر چیز تقریباً پچیس فیصد رعایت پر مل رہی ہے جبکہ انتظامیہ کیجانب سے معیاری اشیاء کی دستیابی کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
رانا ذوالفقار نے کہا کہ یہاں عام مارکیٹ سے ہر چیز سستی مل رہی ہے، ہم حکومت کے اس عمل کو سراہتے ہیں۔