نوشہرہ ورکاں،09مئی(اے پی پی):وسطی پنجاب میں پھلوں کے باغات میں بڑھتا ہوا رحجان زمینداروں کے پسے ہوئے طبقہ کے لیے اہم پیغام ہے۔گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع میں کنوں،فروٹراور مسمی کی پیداوار کے کامیاب تجربہ کے بعد گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے گاؤں بدورتہ میں پپیتہ کے ساتھ آڑو کے باغ میں خوش شکل اور خوش ذائقہ آڑو کی پیداوار کا کامیاب تجربہ معاشی بہتری کی جانب بڑھتا ہوا قدم ہے۔
حاجی محمد نواز ورک کے بارہ ایکڑ رقبہ پر باغ میں لگائے گئے آڑو کے پودوں پر پھل کی تیاری کا عمل پودے پر مکمل ہوا ہے اور دوران پیکنگ کسی قسم کا مصالحہ لگانے کی ضرورت نہیں رھتی،دوسال کی عمر کے پودوں پرمکمل تیار ھونے والے آڑو کو انتہائی لذیذ قرار دیا گیا ہے اور امید سے بڑھ کر پیداوار ہوئی ہے۔
شہری ضرورت کے مطابق آڑو کی خریداری کے لیے دوکانوں کی بجائے باغ کا رخ کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ جدید ریسرچ نرسریز کے تیار کردہ پودوں کی صورت علاقہ نوشہرہ ورکاں میں دیگر پھل دار پودے لوکاٹ، انجیر، خوبانی بادام ،الو بخارا، جاپانی پھل، سبز الائچی، چیکو کے پودوں کی پرورش آسان اور پھلوں کا ملنا آسان ہو گیا ہے۔
اے پی پی/شیخ منیر /حامد