گھوٹکی ، 11 مئی ( اے پی پی ): اوباڑو میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام مدرسہ مدینہ العلوم میں الخدمت میڈیکل ہیلپ سینٹر کا افتتاح پیپلزپارٹی کے سینیٹر جام مہتاب حسین ڈہر نے منگل کو کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر جام مہتاب حسین ڈہر کا کہنا تھا کہ الخدمت میڈیکل سینٹر کے قیام سے عوام کی مشکلات میں کمی ہو گی عوام کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے کام کرنے والے اداروں کی مدد کریں تاکہ غریب اور مستحقین افراد کی مدد ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کورونا کی تیسری لہر کو سنجیدگی سے لیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنی اور اپنے گھر والوں کو اس وباء سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے ضلعی امیر تشکیل صدیقی اور محمد یوسف مزاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الخدمت میڈیکل ہیلپ سینٹر کے قیام کا مقصد معذور افراد اور کورونا کے مریضوں کی مدد کرنا ہے جو کورونا کے مریضوں اسپتالوں میں اخراجات برداشت نہیں کر سکتے انہیں مفت آکسیجن فراہم کی جائے گی اور جو معذر افراد معذری کے باعث ویل چیئر اور دیگر سامان نہیں خرید سکتے انہیں سامان فراہم کیا جائے گا الخدمت میڈیکل ہیلپ سینٹر عوام کی خدمات کے لئے 24 گھنٹے سہولت فراہم کرے گا۔