شہرتیزی سے پھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے شہری سہولیات کی فراہمی کے مسائل بڑھ رہے ہیں: وزیراعظم

27

اسلام آباد ،11 مئی (اے پی پی ):وزیراعظم نے کہا کہ پانی کا مسئلہ تمام بڑے شہروں میں آنے والا ہے۔ لاہور میں اگر راوی سٹی نہیں بناتے تو وہاں بھی کراچی جیسے حالات پیدا جائیں گے۔ اسلام آباد میں بھی پانی کا مسئلہ موجود ہے۔ شہرتیزی سے پھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے شہری سہولیات کی فراہمی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ حکومت تمام شہروں کے لئے ماسٹر پلان بنا رہی ہے۔ آبادیاں بلند عمارتوں کی صورت میں بڑھنے کی بجائے پھیل رہی ہیں جس سے زرعی زمینیں ہائوسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ یہ صورت حال ایسی ہی رہی تو خوراک کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔ حکومت نے بلند عمارتوں کی اجازت دینے کے لئے قواعد تبدیل کئے ہیں۔ اسلام آباد میں پانی کا مسئلہ صرف زمینی پانی سے حل نہیں ہوگا بلکہ دور سے پانی لانے کا بندوبست کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ کوئی حکومت ان لوگوں کو گھر بنانے کے لئے پیسہ دے رہی ہے جن کے پاس گھرنہیں۔ پوری دنیا میں بینک گھروں کی تعمیر کے لئے پیسہ دیتے ہیں لیکن پاکستان میں یہ شرح بہت ہی کم ہے۔ ہم نے ایسا نظام بنایا ہے جس کےذریعے نچلا طبقہ جو پیسہ گھر کے کرائے کی صورت میں دیتا ہے وہی قرضے کی قسط کی صورت میں دے کر گھر کا مالک بن جائے گا۔