وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

30

ملتان،12مئی (اے پی پی): وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم کے سعودی عرب کے حالیہ دورے سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، کچھ عناصر سعودی عرب سے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کے دورے سے خلیج پیدا کرنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز ملتان میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر ہم نے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کیا، دورہ سعودی عرب میں اہم امور پر بات چیت کے تین ادوارہوئے۔ محمد بن سلمان اور عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پانچ معاہدے ہوئے ہیں، سعودی پاکستان اسٹریٹجک سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا، کونسل کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی وزیر خارجہ کم سے کم دو دن کیلئے پاکستان تشریف لائیں گے، وزیراعظم عمران خان نے دورے کے دوران اسلامی سربراہ کانفرنس تنظیم کے سیکرٹر ی جنرل سے بھی ملاقات کی اور ان سے فلسطین کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے معاملے پر شدید تشویش ہے، تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا، صرف جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بڑا اقدام ہے، وزیراعظم نے ملتان ضلع کیلئے 30 ارب کے پیکج کا اعلان کیا، وقت ضرور لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کے شہروں میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت سمیت تمام اداروں کو اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی جب اجازت دی گئی تھی تو عدالت کو شہبازشریف نے گارنٹی دی تھی کہ نوازشریف علاج کے بعد واپس آ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف تمام سیاسی سرگرمیوں میں شریک ہیں، کہاں گئی شہبازشریف کی گارنٹی، اگر شہبازشریف بھی چلے گئے تو ہم پر مک مکا کاالزام لگے گا، ہماری حکومت کسی کے ساتھ مک مکا کے لیے تیارنہیں۔