ملتان، 16مئی(اے پی پی):نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں کورونا کے ماس ویکسینیشن سنٹر قائم کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ویکسی نیشن رومز، ویٹنگ رومز اور آبزرویشن رومز ،شہریوں کے سنٹر میں داخل ہونے اور باہر جانے کے راستے اور پارکنگ کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ صوبہ میں کورونا ویکسینیشن کے عمل میں تیزی لائی جائے اس سلسلے میں ماس ویکسینیشن سنٹر کے قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کشادہ کمروں میں8 کاونٹر قائم کر دئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ محمکہ صحت اور محکمہ تعلیم کے سٹاف کی شفٹوں میں ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں اور صفائی کے لئے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا سٹاف بھی تعینات کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ این سی او سی سے ویکسینیشن سنٹر کے لئے کوڈ جاری کرنیکی درخواست کر دی گئی ہے، کوڈ ملنے کے بعد ویکسی نیشن سنٹر کام کا آغاز کر دے گا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود،اسسٹنٹ کمشنر سی سٹی خواجہ محمدعمیرمحمود اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی بھی انکے ہمراہ تھے۔