ضلعی انتظامیہ ملتان کاغیرقانونی تعمیرات کےخلاف کریک ڈاون کاآغاز

20

ملتان ،17 مئی (اے پی پی):   ضلعی انتظاامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے اورمخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں غیرقانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔ کاروائی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے کی۔  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ غیر قانون طور پر تعمیر کئے گئے شادی ہالز اور کمرشل بلڈنگز مسمار کی جارہی ہیں۔شادی ہالز کی تعمیر کے لئے تحصیل کونسل سے نقشہ کی منظوری حاصل نہیں کی گئی،غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تمام کمرشل بلڈنگز کے خلاف کاروائی کی جائے گی، غیر قانونی تعمیرات اور اس کے نتیجے میں ٹیکس کی عدم ادائیگی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔تمام غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی بلا امتیاز اور  کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر کی جارہی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے بتایا کہ  کسی رہائشی عمارت کو نہیں گرایا گیا اور نہ ہی چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے،انتظامیہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو انتہائی مقدم سمجھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا رکاوٹ آپریشن جاری رہے گا۔