امکانی طوفانی بارشوں کے دوران لوگوں کی مدد کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، صوبائی وزیر محکمہ خوراک واقلیتی

22

میرپورخاص، 17 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے طوفانی بارشوں (سائیکلون)سے محفوظ رہنے کیلئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مقرر کردہ میرپورخاص ضلع کے فوکل پرسن و صوبائی وزیر محکمہ خوراک واقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے ڈپٹی کمشنرآفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سلامت میمن، ایس ایس پی فیصل بشیرمیمن اورمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارامقصد لوگوں کی خدمت کرنا اورمشکل وقت میں لوگوں کی مددکرناہے امکانی طوفانی بارشوں کے دوران لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا مدد کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے میرپورخاص شہر سے پانی کی نکاسی کا انتظام بہتر ہے مین نالوں کا دوسرا مرحلہ فوری شروع کیا جائے گا تاکہ پانی کی نکاسی میں مزید بہتری ہو۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران تحصیل سطح پر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جائے گی،  کوتاہی کے مرتکب افسران وعملے کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو یقین دلایا کہ لوگوں کو تکالیف وپریشانیوں سے بچانے کیلئے ضرورت پڑنے پر متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں سے بات کی جائے گی اورکہا کہ اس وقت کی ضروریات ومسائل سے آگاہ کیا جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلامت میمن نے بتایاکہ سائیکلون سے لوگوں کو بچانے کیلئے پیشگی اقدامات کئے گئے ہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈپٹی کمشنرآفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے شہرسے سائن بورڈ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے مین نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے میونسپل اورٹاؤن کمیٹیوں نے پانی کی نکاسی کیلئے مشنری تیارحالت میں رکھی ہیں شہر سے بارشوں کے پانی کی نکاسی کا مکمل انتظام کیا ہے مین سیم نالوں کی ڈی سلٹنگ وصفائی کا کام جاری ہے محکمہ آبپاشی نے واضع کیا ہے کہ بارشوں کے پانی کو جمع کرنے کی گنجائش موجود ہے نہروں سے پانی کو مختلف مقامات پر منتقل کرکے نہروں کو اورٹاپ ہونے اور شگاف پڑنے سے بچایا جاسکے گا محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوں میں ادویات ڈاکٹر ز عملہ اورایمبولینس کی موجودگی کو یقینی بنا یا گیا ہے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے ساتوں تحصیلوں میں مویشیوں کو ویکسینیشن کی جارہی ہے بارشوں کے بعد مویشیوں کو مچھروں سے بچانے کیلئے اسپرے کرایا جائے گا اورکہا کہ ضلعے میں ایمرجنسی نافذ کرکے متعلقہ افسران وعملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں محکمہ پولیس کی جانب سے بارشوں کے دوران گھروں میں پانی آنے کی صورت میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ضرورت پڑنے پر ہسپتا ل پہنچانے ریلیف اورادویات کی تقسیم پانی کی نکاسی کے کاموں میں مکمل تعاون کرنے اور امن وامان برقرار رکھنے کا یقین دلایا گیا۔

صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال نے ڈپٹی کمشنرآفس میں امکانی طوفانی بارشوں کے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دی اس سے قبل ڈپٹی کمشنرسلامت میمن نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے پاک آرمی اورمتعلقہ افسران سے اجلاس کیا اورمتعلقہ افسران سے کئے گئے اقدامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ لی اس موقع پر متعلقہ افسران نے اپنے اپنے دفاتر میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کے بارے میں آگاہ کیا۔