وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات،  غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا

19

اسلام آباد،17مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے یورپی یونین کی سفیر مس انڈرولا کمینارا نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے یورپی یونین کی سفیر کو غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی برادری پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صورتحال پر قابو پانے میں مدد اور ایک مناسب حل فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جمعہ کو فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن قرار دیا ہے جو اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مسلسل تشدد کا شکار ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس 18 مئی کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں موجودہ تشدد کے خاتمہ کے حوالے سے غور کیا جائے گا کہ کس طرح یورپی یونین اس ضمن میں بہترین کردار ادا کر سکتی ہے۔

ملاقات کے دوران ملک میں کووڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان بروقت فیصلوں اور مؤثر حفاظتی اقدامات کے ذریعے وباءپر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، این سی او سی کووڈ 19 وباءکے خلاف مہم کی نگرانی کر رہی ہے، گزشتہ برس ملک میں جب کووڈ 19 منظر عام پر آیا تو ملک اس وباءکے خلاف کسی قسم کا حفاظتی سامان تیار نہیں کر رہا تھا، حکومت نے چار سے چھ ماہ کے عرصہ میں نہ صرف حفاظتی ماسکس، کٹس اور معیاری وینٹیلیٹرز کی تیاری کا آغاز کیا بلکہ ان مصنوعات کی برآمدات بھی شروع کیں۔ یورپی یونین کی سفیر انڈرولا کمینارا نے وباءسے اپنے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کووڈ 19 وباءکے باوجود پاکستانی برآمدات میں اضافہ کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیر نے یورپی یونین کی سفیر کو طویل عرصہ سے زیر التواءصحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ اور جبری گمشدگی (کریمنل لاءترمیمی بل) کے دو بلوں کی منظوری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو پاکستان میں بے مثال آزادی حاصل ہے، حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور امن کا خواہاں ہے لیکن ہم مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کر کے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ یورپی یونین کی سفیر نے موسمیاتی تبدیلی، بلین ٹری سونامی اور کلین اینڈ گرین پاکستان کے لئے مہم کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ان اقدامات میں یورپی یونین کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا