ملتان، 19مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں آپریشن کے دوران گلشن مارکیٹ اور ممتازآباد مارکیٹ میں تمام تجاوزات ہٹا دی گئیں ہیں اور تمام عارضی اور مستقل تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا جبکہ دکانوں کے آگے شیڈ اور چھپر مسمار کردئے گئے اور تھڑ اکھاڑ دئے گئے ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے تجاوزات کی زد میں آنیوالا تمام سامان قبضے میں لے لیا جبکہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کی طرف سے توڑے گئے تھڑوں کا ملبہ اٹھا لیا گیا۔
آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود نے کی، پولیس کی نفری اور سول ڈیفنس فورس بھی تجاوزات کے خلاف کاروائی میں حصہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوباہ تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ اب جاری رہے گا،دوبارہ تجاوزات قائم کرنیوالوں کے اب خلاف مقدمات درج ہونگے اور گرفتاریاں ہونگی۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے کہا کہ تجاوزات نے مارکیٹوں میں خریداری کے لئے آنیوالوں شہریوں کا جینا محال کردیا ہے،کسی کو سڑکوں پر دکانیں سجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،مارکیٹوں میں دکانوں کے آگے جو تھڑے مسمار کئے گئے ہیں وہاں دکاندار اپنے خرچ پر ٹف ٹائل لگائیں گے۔