مظفرگڑھ، 19 مئی (اے پی پی) : ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ زندگی اللہ پاک کی ایک بہت بڑی نعمت ہے اسکی قدر کریں، اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے عالمی ہفتہ برائے روڈ سیفٹی ( 17 تا 23 مئی 2021 ) کی آگاہی مہم کے آغاز پر کیا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ارشاد الحق کی ہدایات کے مطابق ریسکیو 1122 مظفرگڑھ، عالمی ہفتہ برائے روڈ سیفٹی منائے گی، اس کا مقصد عوام الناس میں روڈ ٹریفک حادثات میں ہونے والےجانی و مالی نقصانات کے بارے نہ صرف آگاہی فراہم کرنا ہے بلکہ یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ روڈ پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے درج ذیل باتوں پر عملدرآمد یقینی بناٸیں تاکہ خود کو اور روڈ پر موجود دیگرلوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بناسکیں۔
انہوں نے کہا کہ دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی کریں اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے سے منع کریں،موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کا استعمال یقینی بنائیں۔
دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال سے گریز کریں، تیز رفتاری اور ون ویلنگ سے گریز کریں،تھکاوٹ یا پریشانی کی صورت میں ہرگز ڈرائیونگ نہ کریں۔
واضح رہے کہ ہفتہ برائے روڈ سیفٹی کے حوالے سے ضلع مظفر گڑھ کی تمام تحصیلوں میں آگاہی سیمینار منعقد کیے جائیں گے جبکہ پہلے روز سنٹرل اسٹیشن مظفرگڑھ پرعوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔