ملتان، 20 مئی (اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کا پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اہم قدم، پولیس جوانوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختار اے شیخ ہسپتال سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان اور سی ای او مختار اے شیخ ہسپتال عرفان خان نےمعاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ مختیار اے شیخ ہسپتال ملازمین کو بلاتفریق جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا اور شہداء پولیس کی بیواؤں کو بلامعاوضہ علاج و معالجہ کی سہولت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے انکی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، اگلے مرحلے میں ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی اداروں سے بھی معاہدے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے جوان مثالی سہولیات کے حقدار ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی نے مختیار اے شیخ ہسپتال انتظامیہ کو یادگاری شیلڈ بھی ییش کی۔اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس سید غضنفر علی شاہ اور چیئرمین ہسپتال فیصل مختیار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔